پنجگور میں شکار کیلئے جانے والے 5 افراد کی لاشیں برآمد

December 08, 2021

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے حانے تل سے پانچ افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے، قتل کیے گئے پانچوں افراد پنجگور کے رہائشی تھے۔

لیویز حکام کے مطابق پنجگور کے پہاڑی علاقے حانے تل سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے، لیویز نے لاشیں تحویل میں لے کر ڈی ایچ کیو اسپتال پنجگور منتقل کیا۔

مقتولین کی شناخت حمزہ، امان جان، شعیب، خلیل اور داؤد کے ناموں سے ہوئی ہیں، مقتولین کی عمریں 25 سے 35 سال تک تھیں۔

پانچوں افراد پنجگور کے نواحی علاقے سندے سر عیسیٰ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، مقتولین کے ورثاء کے مطابق قتل ہونے والے پانچوں افراد شکار کی غرض سے پہاڑی علاقے حانے تل گئے تھے، جہاں نامعلوم افراد نے انہیں قتل کردیا ہے، لیویز نے ابتدائی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔