سانحہ سیالکوٹ ناقابل برداشت، تشدد پسند اور دہشت گرد عناصر کیلئے تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا، کور کمانڈرز

December 09, 2021

راولپنڈی (اے پی پی، جنگ نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر ز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں عسکری قیادت نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ افسوسناک واقعہ ہے،ایسے عناصر کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائیگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی 245 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں عالمی، علاقائی اور ڈومیسٹک سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے سرحدوں پر کئے گئے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے پر زور دیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن واستحکام کیلئے عالمی تعاون جاری رہنا چاہیے کیونکہ افغانستان میں استحکام سے خطے میں استحکام آئیگا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کی تربیتی سرگرمیوں پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاری تربیتی عمل اور ڈاکٹرائن کے جائزے سے کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے میں مدد ملتی ہے، مستقبل کے میدان جنگ میں ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھ رہا ہے۔

آرمی چیف نے کسی بھی خطرے سے بچاؤ کیلئے مسلح افواج کو ہر وقت چوکس رہنے کا حکم دیا۔

کور کمانڈرز اجلاس کے دوران افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی مسلسل حمایت اور بروقت عالمی انسانی امداد نہ صرف دوست ملک کے امن اور خوشحالی بلکہ خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔

کانفرنس کے شرکاء نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کے واقعے کا بھی نوٹس لیا، شرکاء نے ایسے عناصر کیخلاف کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا اعادہ کیا اور عزم دہرایا گیا کہ تشدد پسندانہ اور دہشت گرد عناصر کیلئے قطعی تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائیگا۔