ن لیگ اور قومی وطن پارٹی کا حاجی زبیر علی کی حمایت اعلان

December 09, 2021

پشاور( نمائندہ خصوصی)میٹرو پولٹین پشاور کے میئر کے الیکشن کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قومی وطن پارٹی کی طرف سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار حاجی زبیر علی کی حمایت جبکہ تحصیل پبی میں قومی وطن پارٹی پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ تحریک انصاف کے بانی رہنما و سابق صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید حیدر علی شاہ باچا، قومی اسمبلی کے سابق پارلیمانی سیکرٹری انجینئر فاروق خٹک ضلع نوشہرہ ڈسٹرکٹ کونسل کے سابق چیئرمین حاجی اسحاق خٹک اور پیپلز پارٹی کے کئی رہنمائوں کی طرف سے تحصیل کونسل پبی کے چیئرمین کے امیدوار سید افتخار علی شاہ کی حمایت کے بعد پشاور اور پبی میں امیدواروں کے درمیان مقابلہ نے انتہائی دلچسپ شکل اختیار کر لی ہے۔ پشاور میں سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سابق چیئرمین و سابق ناظم اعلیٰ پشاور حاجی غلام علی، سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی، صوبائی اسمبلی کے سابق ممبر عطیف الرحمن، جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالجلیل جان، تاجر اتحاد کے صدر ملک مہر الہٰی اور پشاور کے علمائے کرام کی طرف سے حاجی زبیر علی کامیابی کے لئے انتخابی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ اے این پی کے بزرگ سیاستدان و ساقب وفاقی وزیر الحاج غلام احمد بلور، سابق سینیٹر الیاس احمد بلور، اے این پی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر سید عاقل شاہ، اے این پی پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر عابد اللہ خان یوسفزئی، سابق ٹائون ناظم نیاز محمد مہمند اور ساقب ٹائون ناظم عمر خان کی طرف سے اے این پی کے امیدوار حاجی شیر رحمان کی کامیابی کے لئے انتخابی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر خان خلیل، سابق صوبائی وزرا ضیا اللہ آفریدی، ایوب شاہ ایڈوکیٹ اور ذوالفقار افغانی کی طرف سے سابق وزیراعلیٰ ارباب جہانگیر خان کے نواسے ارباب زرک خان خلیل کی کامیابی کے لئے انتخابی مہم تیز کر دی گئی ہے۔