• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: خاتون کے معدے سے 14 قلم، 5 لکڑی کے چمچ، موم بتی برآمد

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

جنوبی بھارت کے ایک نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کو اس وقت حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ایک خاتون کے معدے سے 20 غیر معمولی اشیاء نکالیں، جن میں 14 قلم، 5 لکڑی کے چمچ اور 1 موم بتی شامل تھی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ طبی واقعہ 5 ستمبر کو ریاست آندھرا پردیش کے ضلع پلناڈو کے شہر نرسارا پیٹ میں واقع ماتا شری پرائیویٹ اسپتال میں پیش آیا۔

رپورٹس کے مطابق پتلوری واری پالیم گاؤں سے تعلق رکھنے والی خاتون کو اس کے اہلِ خانہ سینے میں درد اور شدید بے آرامی کی شکایت پر اسپتال لے کر آئے تھے۔

مریضہ کے اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے تشخیصی ٹیسٹ کیے، جن سے اس کے معدے میں مختلف اشیاء کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

بعد ازاں ڈاکٹر پی رام چندرا ریڈی کی سربراہی میں سرجنز کی ٹیم نے ان اشیاء کو نکالنے کے لیے لیپرواسکوپک طریقۂ کار اختیار کیا، تقریباً 1 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس آپریشن کے دوران ڈاکٹروں کی ٹیم نے تمام اشیاء احتیاط سے معدے سے نکال لیں۔

خاتون کے معدے سے نکالا جانے والا سب سے لمبا قلم تقریباً 25 سینٹی میٹر کا تھا، جبکہ 1 قلم کا ڈھکن بھی موجود نہیں تھا، جس سے اندرونی چوٹ کے امکان کا عندیہ ملتا ہے۔

ڈاکٹر پی رام چندرا ریڈی نے کہا ہے کہ یہ اب بھی واضح نہیں ہے کہ خاتون اتنی بڑی تعداد میں مختلف اشیاء نگلنے میں کیسے کامیاب ہوئی، تاہم خاتون اب صحت یاب ہو رہی ہے اور اس کی حالت مستحکم ہے۔

خاتون کے والد نے بتایا ہے کہ مریضہ گزشتہ تقریباً 10 برس سے ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کر رہی تھی، جبکہ اس کے شوہر نے 2 ماہ قبل اسے طلاق دے دی تھی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید