پریانتھا کمارا کیس:گرفتار ملزمان کا فوٹو گرامیٹرک ٹیسٹ

December 09, 2021


سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں تشدد کے بعد قتل ہوئے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے کیس میں شامل ملزمان کو تفتیش کیلئے لاہور فرانزک سائین لیبارٹری پیش کر دیا گیا جہاں ان کا فرانزک ٹیسٹ کیا جا رہا ہے اور وائرل فوٹیجز اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا فوٹو گرامیٹرک ٹیسٹ بھی ہوگا۔

ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے فوٹو گرامیٹرک ٹیسٹ میں فوٹیج اور تصاویر میں نظر آنے والے ملزمان کی اصل شناخت کی تصدیق ہوگی۔

پولیس کی جانب سے مقدمےمیں ملوث اب تک 140 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں سے مرکزی ملزمان کی تعداد 35 ہے جبکہ 34 ملزمان 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہیں ۔

ان ملزمان کو 21 دسمبر کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں توہینِ مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے ایک فیکٹری کے سری لنکن منیجرکو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا اور لاش جلا دی تھی۔