گپ شپ کرنا خوشی کا باعث بنتا ہے

December 12, 2021

گھر والوں، دوستوں یا رشتے داروں سے بے تکلفی میں کی جانے والی غیر منظم گفتگو میں جہاںوقت گزرنے کا پتہ نہیں چلتا وہاں یہ خوشی اور جذباتی لگاؤ کا باعث بھی بنتی ہے۔ گپ شپ کرنے سے ایک سماجی تعلق قائم ہوتا ہے، جس کے ذریعے لوگ ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے ہیں۔ گپ شپ کے دوران ماضی، حال یا مستقبل کے حوالے سے باتیں ہوتی ہیں۔

مثلاً ماضی کی مشترکہ یادیں، کوئی واقعہ ، حال میںرونما ہونے والے واقعات، حالات حاضرہ یا مستقبل کے حوالے سے گفت و شنید وغیرہ۔ گپ شپ عموماً ان لوگوںسے ہی کی جاتی ہے جن سے آپ کا دل و دماغ ملتا ہو۔ اگر آپ کسی سے بات کرنے میںآرام دہ محسوس نہیں کرتے تو لاکھ کوشش کے باوجود بھی آپ اُس سے کسی بھی موضوع پر گپ شپ نہیں کرپائیں گے۔

ایک میگزین ’’سوشل سائیکلوجیکل اینڈ پرسنالٹی سائنس ‘‘ میںشائع شدہ ایک مطالعے سے یہ بات سامنے آئی کہ ایک عام انسان 24 گھنٹے میں 52منٹ گپ شپ کرتا ہے۔ ان میںیہ باتیں نہیںہوتیں کہ ،’’ کیا تم نے سنا؟ یا پھر پتہ ہے میرے ساتھ پچھلے ہفتے کیا ہوا؟ ‘‘ بلکہ ان کی گفتگو کا محور ان کے قریب یا ارد گرد رہنے والے دوسرے لوگ اور ان سے متعلق باتیں ہوتی ہیں۔ جن لوگوں کے متعلق وہ گپ شپ کرتے ہیں عموماً وہ افراد وہاںموجود نہیں ہوتے۔

جیسے آپ یہ گپ شپ کرسکتے ہیں کہ آئندہ ہفتے آپ کے کزن کی شادی ہے تو خاندان میں کیا کیا ہلّا گلّا ہوسکتا ہے؟ کون کون اور کہاں کہاں سے مہمان شادی میں شرکت کیلئے آرہے ہیں؟ کون کیا پہنے گا؟ آپ نے کیا تیاریاں کر رکھیہیں؟ وغیرہ وغیرہ یا پھر آ پ کے دوست نے نئی ملازمت شرو ع کی ہےتو پچھلی ملازمت میں کیا مسئلے مسائل درپیش تھے؟ یا نئی ملازمت میں اس کو کیا کیا چیلنجز درپیش ہیں یا وہ کونسے نئے مسائل کا سامنا کررہا ہے؟ یا آپ کا بچہ اسکول میں کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے یا اس نے ٹیبلو میںکیسا پرفارم کیا وغیرہ وغیرہ ۔

اس نئی اسٹڈی کے مطابق آپ ایک دن میں درج بالا بیان کردہ نوعیت کیجو 52منٹ کی گپ شپ کرتے ہیں ، وہ نقصان دہ نہیںہوتی، تاہم بعض اوقات بورنگ ہوسکتی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ آخر ہم ایک گھنٹہ بلا وجہ کی گپ شپ کو کیوںدیتے ہیں؟ اس کا جوا ب ڈیوک یونیورسٹی کے نفسیات اور نیورو سائنس کے پی ایچ ڈی پروفیسرمارک لیری یوں دیتے ہیں، ’’گپ شپ کرنا انسان کی بنیادی جبلتوں میںسے ایک ہے،کیونکہ ہماری زندگیاں گروہوںمیں بٹی ہوئی ہیں۔

ہم نہ صرف گروپ میںرہتے ہیں بلکہ ہم زندہ رہنے کے لیے اپنے گروپ پر انحصار بھی کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جس قد ر ممکن ہو ہم لوگوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں، اور یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ دوسرے لوگ کیا کررہےہیں، کون کس سے دوستی کررہا ہے، کسی چیز کے بارے میں دوسرے لوگوںکے خیالات کیا ہیں ، کون قوانین کی دھجیاں اڑا رہاہے ، وغیرہ وغیرہ۔ گپ شپ اگر مثبت ہو اور اس کا مقصد کسی کی ٹوہ لینا یا منفی باتیں کرنا نہ ہو تو اس کے درج ذیل فائدے حاصل ہوسکتے ہیں۔

اسٹریس میںکمی

اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ایک مطالعے کے مطابق، گپ شپ سے انزائٹی اور اسٹریس میں کمی آتی ہے۔ ایک تحقیق سے ریسرچرز نے پتہ چلا یا کہ وہ شرکاء جو بہت زیادہ اسٹریس میںمبتلا تھے، ان کے دل کی دھڑکن میںاضافہ ہوتا جارہا تھا۔ جب انہیں کھل کر گپ شپ کرنے کو کہا گیا تو ان کے اسٹریس میں کمی آئی اور دل کی حالت بہتر ہو تی چلی گئی۔

تعاون میںبہتری

اسٹینفورڈ یونیورسٹی میںکی گئی ایک تحقیق سے پتہ چلا کہ جب ایک گروپ کے لوگ دوسرے گروپ کے لوگوں سے سیکھتے ہیں تو وہ ان معلومات کو دوسرے لوگوں کے ساتھ اشتراک یا تعاون بہتر کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ وہ لوگ جو دوسروں سے بات نہیںکرتے اور اپنے کام میں مصروف رہتے ہیں، انہیںگروپ والے بھی تنہائی کا شکار رہنے دیتے ہیں، اس طرح ایسے شخص کی دوسروں کے بارے میں معلومات ادھوری رہ جاتی ہیں اور اس کی ترقی کے امکانات محدود ہونے لگتے ہیں۔ گروپ جب مل کر معلومات بانٹ کر کا م کرتاہےتو بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

ذاتی شخصیت میں بہتری

تمام گپ شپ منفی نہیںہوتی اور نہ ہی ان کو ہمیشہ منفی ہونا چاہیے۔ ہالینڈ میںموجود یونیورسٹی گرونینگن میںکی گئی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ دوسروں کے بارے میں اچھی کہانیاں سننے سے آپ کو ترغیب ملتی ہے اور آپ اپنی شخصیت کو اسی کے مطابق بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہاںتک کہ اگر آپ کسی کے بارے میں کوئی منفی بات یا منفی کہانی سنتے ہیں تو کوشش کریںگے ویسا نہ کریں،جیسا اس شخص نے کیا تھا۔

ایک اور تحقیق کے مطابق جب بھی گپ شپ ہورہی ہو تو لوگ لاشعور ی طور پر اس میںکوئی چٹپٹی یا منفی بات یا برے تجربات کو سننے کے متلاشی ہوتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ آئندہ ہونے والی گپ شپ میںایسا کچھ نہ کہیںیا نہ کریں ،جیسا کہ کسی کے ساتھ ہوچکا ہے۔