اے این پی امیدوار کا PTI الیکشن انچارج پر دھاندلی کا الزام

December 19, 2021

بشکریہ فیش بک

پشاور این سی 33 گھنٹہ گھر سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار نے الیکشن انچارج پر دھاندلی کا الزام لگا دیا۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے پشاور این سی 33 گھنٹہ گھر سے امیدوار برائے میئر حاجی شیر رحمٰن کی جانب سے الیکشن کمیشن میں تحریری درخواست جمع کرا دی گئی۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ این سی 33 گھنٹہ گھر میں پی ٹی آئی کے الیکشن انچارج حلیم شیرازی نے دھاندلی کی ہے۔

اے این پی امیدوار برائے میئر حاجی شیر رحمٰن نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدوار کے ساتھیوں کو میئر کے بیلٹ پیپرز کی کاپیاں دی گئیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس پولنگ اسٹیشن کی انچارج حلیم شیرازی کی اہلیہ ہے، میئر کے بیلٹ پیپرز لیک ہو چکے ہیں، جن کے استعمال ہونے کا خدشہ ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دو اور اسکولوں میں بھی اس قسم کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ آج خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے۔

ووٹنگ کا یہ عمل شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گا۔