• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بکا خیل: اکرم درانی کا PTI کے وزیر پر حملے کا الزام


جے یو آئی کے رہنما اور کے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے الزام عائد کیا ہے کہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ اسٹیشنز پر دھاوا بولا ہے۔

اکرم درانی نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکمراں جماعت کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو اغواء کر لیا اور سامان بھی ساتھ لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمد خان نے پولیس پر فائرنگ بھی کی ہے، پولنگ اسٹیشنز کے یرغمال عملے کو اس وقت 1 پیٹرول پمپ میں رکھا گیا ہے۔

اکرم درانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعلقہ ڈی سی اور ڈی پی او کو تمام صورتِ حال سے آگاہ کر دیا ہے، انتظامیہ آگاہ کیے جانے کے باوجود بے بس ہے۔

واضح رہے کہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں امن و امان کی خراب صورتِ حال کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس ضمن میں چیف الیکشن کمشنر نے 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، یہ کمیٹی مکمل تحقیقات کر کے 7 روز میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو دے گی۔

خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ کا سلسلہ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گا۔

تازہ ترین