جنوبی کوریا نے پہلی مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی جیت لی

December 22, 2021

کوریا نے پہلی مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتا ہے - فوٹو: اے ایف پی

جنوبی کوریا نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر پہلی مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی جیت لی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے ایونٹ کا فائنل بہت ہی دلچسپ رہا جہاں پہلا کوارٹر جنوبی کوریا نے 0-1 کی برتری پر ختم کیا تو دوسرے کوارٹر کے اختتام پر 1-2 کے ساتھ جاپان کے پاس تھی۔

تیسرے کوارٹر میں جاپان نے دفاعی انداز اپناتے ہوئے جنوبی کوریا کو تو گول کرنے نہیں دیا لیکن ساتھ میں حریف ٹیم پر ایک گول مزید داغ کر برتری کو 1-3 کے ساتھ مزید مستحکم کردیا۔

جنوبی کوریا نے آخری کوارٹر میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو مقرر وقت تک 3-3 گول سے برابر کردیا۔

میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں جنوبی کوریا نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے یہ معرکہ 2-4 سے جیت کر پہلی مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیت لیا۔

اس ایونٹ میں بھارت کی ٹیم تیسری پوزیشن پر رہی جبکہ پاکستان کا چوتھا اور بنگلادیش کا پانچواں نمبر رہا۔