نسلہ ٹاور کیس میں تاحال کوئی گرفتاری نہ ہو سکی

December 29, 2021


کراچی میں نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمے دار سرکاری افسران کے خلاف پولیس کے چھاپوں کے نتیجے میں تا حال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔

ایس پی انویسٹیگیشن الطاف حسین کے مطابق نسلہ ٹاور کیس میں ابھی کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے، ہمیں کچھ افسران کی نشاندہی کی گئی ہے، ہم اطمینان سے کام کرنا چاہ رہے ہیں،پولیس ذمہ داران کا تعین کرکے گرفتاریاں شروع کرے گی۔

ایس پی انویسٹیگیشن الطاف حسین نے کہا ہے کہابھی تک ایس بی سی اے افسران تعاون کر رہے ہیں، دو ڈیپارٹمنٹ ملوث ہیں دیگر اداروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں، دیگر اداروں کے نام ابھی نہیں بتا سکتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج ڈی جی ایس بی سی اے اور دیگر افسران سے ملاقات کرکے معلومات لی ہے، باہر پولیس کھڑی تھی، کوئی نہیں بھاگا، تمام ڈیپارٹمنٹ کے نام لے لیے ہیں۔

ایس پی انویسٹیگیشن الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ڈی جی ایس بی سی اے اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سے بات ہوئی ہے، سپریم کورٹ کے احکامات پر کارروائی کررہے ہیں، ہم نے لسٹ لے لی ہے ہم ذمہ داروں کا تعین کررہے ہیں۔