عمران خان کا خوش حالی کا دعویٰ کہاں گیا؟، بلاول بھٹو

January 01, 2022


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بڑے دعوے سے کہا تھا کہ 2021 خوش حالی کا سال ہوگا، اب 2022 آگیا، خوش حالی کا وہ دعویٰ کہاں گیا؟

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو نئے سال کا تحفہ دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں ہر سال گزشتہ برس کی نسبت زیادہ مہنگا ثابت ہوا اور پھر کہتے ہیں کہ پچھلی حکومتیں نااہل تھیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی پی پی کے دور میں تو بدترین عالمی معاشی بحران تھا مگر ہم نے مہنگائی کا بوجھ عوام کو اٹھانے نہیں دیا تھا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ وفاقی حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عالمی منڈی کی قیمتوں کے مطابق کم کرے، مہنگائی سے نجات کا واحد حل عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ہے۔