اسلام آباد ہائیکورٹ، خواجہ آصف کے خلاف عمران خان کے کیس کی کارروائی روکنے کا حکم

January 05, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ماتحت عدالت میں زیر التوا وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کیخلاف دائر10ارب روپے ہرجانہ کیس کی کارروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے عمران خان سے 12 جنوری تک جواب طلب کر لیا ہے۔

دوران سماعت لیگی رہنما خواجہ آصف کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا کہ انکی عدم موجودگی میں عمران خان کا بیان قلمبند کیا گیا اور بعد میں وزیراعظم کے بیان پر جرح کا حق بھی ختم کر دیا گیا جو قانون کے برعکس ہے۔

منگل کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خواجہ آصف کی درخواست کی سماعت کی۔

دوران سماعت فاضل چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ہتک عزت کا یہ کیس کب سے زیرالتوا ہے؟

اس عدالت نے ہتک عزت کے مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں، ہتک عزت کے کیس کا تو دو ماہ میں فیصلہ ہو جانا چاہئے تھا۔

خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ یہ کیس 2012 کا ہے ، 2021 میں سوالات وضع کئے گئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ 2012 سے ہتک عزت کا کیس تاخیر کا شکار ہو رہا ہے ، اس التوا کا ذمہ دار کون ہے؟