سجل علی اور احد رضا میر کی علیحدگی کی خبروں پر انکی منیجر کا ردعمل

January 07, 2022

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی سجل علی اور احد رضا میر کی علیحدگی کی خبروں پر اُن کی منیجرنے ردّعمل دے دیا۔گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر سجل علی اور اُن کے شوہر احد رضا میر کے درمیان علیحدگی کی خبریں زِیر گردش ہیں اور مختلف ڈیجیٹل خبر رساں اداروں کی جانب سے بھی یہ خبریں شائع کی جارہی ہیں۔ان افواہوں پر سجل علی اور احد رضا میر کی منیجر نے ڈیجیٹل خبر رساں ادارے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شرمناک صحافت ہے کہ آپ اپنی ریٹنگز کے لئے کسی کی ذاتی زندگی سے متعلق بےبنیاد خبریں شائع کریں۔اس جوڑی کے مداحوں کا کہنا ہے کہ سجل اور احد علیحدہ نہیں ہوئے ہیں اور ہماری دُعا ہے کہ وہ دونوں ہمیشہ خوش اور ساتھ رہیں۔خیال رہے کہ بہن اداکارہ صبور علی کے مایوں کی تقریب میں سجل علی کی تنہا شرکت کے بعد لوگوں نے ان سے ان کے شوہر سے متعلق پوچھنا شروع کیا کہ احد رضا میر کہاں ہیں؟صبور علی کے مایوں کی تقریبات 5 اور 6 جنوری کی درمیانی شب شروع ہوئیں، جس کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔اداکارہ کے مایوں کی تقریب میں ان کی بڑی بہن سجل علی کو بھی دیکھا گیا مگر ان کے ساتھ ان کے شوہر احد رضا میر نظر نہیں آئے، جس کی وجہ سے ان کے مداح پریشان دکھائی دیئے۔واضح رہے کہ اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر سال 2020ء میں لاک ڈاؤن کے دوران بیرون ملک چند قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں سادگی سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔