انگریزی زبان میں گانے والی سعودی گلوکارہ نوحہ السہیمی

August 11, 2022

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی گلوکارہ نوحہ السہیمی بہت سے نوجوان گلوکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے 2020میں یہاں ایک میوزک کمیشن کے قیام کی بدولت فن گلوکاری کی اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا۔عرب نیوز کے مطابق 17 سالہ گلوکارہ نوحہ سوشل میڈیا پر اپنا تیار کردہ پہلا انگریزی گانا 15 سال کی عمر میں آن ائیر کرنے میں کامیاب ہو ئیں۔حال ہی میں انہوں نے اپنے نئے لانچ کئے گئے گانے کے بول میں اپنی اندرونی کیفیت کا اظہار کیا ہے۔گلوکارہ کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا گانا ہے جو میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے ، اس کے بول مجھے اس وقت کی یاد دلاتے ہیں جب میں14 برس کی تھی اور میری اندرونی کیفیت کچھ عجیب تھی اور میں الجھن کا شکار تھی۔ان کا یہ گانا یوٹیوب، ایپل میوزک اور سپوٹیفی پر چلایا گیا جو بہت مشہور ہوا، اس کے بعد امریکی سفارتخانےمیں ہونے والی تقریب کےعلاوہ کئی دیگر تقریبات میں انہوں نے یہ گانا گایا۔انہوں نے بتایا کہ واشنگٹن میں قائم سعودی سفارت خانے میں2019 میں قومی دن کے حوالے سے ہونے والی تقریب مجھے آج بھی یاد ہے۔گلوکارہ نے بتایا کہ میں انگریزی گانوں کو ترجیح دیتی ہوں کیونکہ میری فیملی کا رحجان بھی اس جانب ہے۔ خاندان میں موسیقی کی پسندیدگی نے میری بہت زیادہ مدد کی ہے اور بچپن سے ہی مجھے ہر ایسا کھیل پسند رہا جس میں کسی نہ کسی طرح موسیقی کا دخل ہوتا۔گلوکارہ نوحہ السہیمی انتہائی خوبصورت انداز میں پیانو اور گٹار بھی بجاتی ہیں، انہوں نے متعدد گانے خود ہی لکھے ہیں لیکن اس وقت وہ اپنی آواز پر زیادہ توجہ دے رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میں تین سال سے ایک البم پر کام کر رہی ہوں اور بہت سے گانے جلد ہی منظر عام پر آئیں گے، ان میں موسیقی اور گانے کے بول آپ کو اس بارے میں بہت کچھ بتا ئیں گے کہ میں کیا محسوس کرتی ہوں۔