فلم ’پیکو‘ میں کردار میرا سب سے زیادہ پسندیدہ ہے، دیپیکا پڈوکون

August 11, 2022

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون نےحال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے 15 سالہ فلمی کیریئر میں نبھائے گئے اپنے پسندیدہ کردار کے بارے میں بتایا ۔ انٹرویو میں دیپیکا پڈوکون نے اپنے فلمی کیریئر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 15 سالہ طویل سفر میں بہت سے کردار ادا کیے ہیں لیکن ان سب میں امیتابھ بچن اور عرفان خان کے ساتھ کی گئی فلم ’پیکو‘ میں کردار میرا سب سے زیادہ پسندیدہ ہے۔بھارتی اداکارہ نے کہا کہ یہ کردار میرے دل کے بہت قریب تھا، ’پیکو‘ کے کردار میں بہت کچھ خاص تھا جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے میں اور میری بہن انیشا اب عمر کے اس حصّے میں ہیں جہاں ہم بالکل ’پیکو‘ جیسے ہیں۔خیال رہے کہ پیکو فلم 2015 میں ریلیز ہوئی تھی اس فلم میں دیپیکا نے پیکو نامی ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی زندگی کے بارے میں کافی بلند سوچ رکھتی ہے۔ فلم میں امیتابھ بچن دیپیکا کے باپ کا رول ادا کرتے ہیں جبکہ عرفان خان ان کے ڈرائیور ہوتے ہیں۔