شوبز شخصیات نے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو پاکستان کا فخر قرار دیدیا

August 11, 2022

کراچی/لاہور (آئی این پی) پاکستانی شوبز ستاروں نے کامن ویلتھ گیمز ایتھلیٹکس میں پاکستان کے لئے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے مبارک باد دی ہے۔ گلوکار علی ظفر نے بھی کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے ساتھ تصویر شیئر کی اور انہیں مبارک باد دی۔اداکار فیصل قریشی نے بھی ارشد ندیم کے جیتنے کے لمحات کی ویڈیوز کو اپنے انسٹا اسٹوریز میں شیئر کرتے ہوئے ایتھلیٹ کو مبارک باد دی۔ٹی وی میزبان اور ایکٹریس شائشتہ لودھی نے ارشد ندیم کو ہیرو قرار دیا اور مبارک باد دی۔ٹی وی میزبان و اداکار مانی نے بھی ارشد ندیم کے میچ کی ویڈیو کو انسٹا اسٹوری میں شیئر کیا اور اس پر دل کے آئی کون بنائے ۔ اداکارہ عائشہ خان نے بھی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی کامن ویلتھ گیمز میں ناقابلِ یقین کارکردگی کی تعریف کی ہے۔اداکارہ ارمینہ خان نے ارشد ندیم کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ گلوکارہ میشا شفیع نے ارشد کی گولڈ میڈل جینے کی ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان کے جھنڈے والا ایموجی شیئر کیا۔ اداکار اعجاز اسلم نے پاکستان کے لیے خوشیاں لانے پر ارشد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پورا ملک آپ پر فخر کرتا ہے۔حمزہ علی عباسی اور ایمن خان سمیت کئی معروف شخصیات نے بھی ارشد ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اداکار شان شاہد نے ٹویٹر پر ارشد ندیم کی تصویر لگا کر کیپشن میں لکھا آپ اکیلے ہیرو ہیں اورعزت کے حقدار ہیں۔