قازقستان: پر تشدد مظاہرے، امریکی سفارتی عملے کو ملک چھوڑنے کی اجازت

January 08, 2022

قازقستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پر تشدد مظاہرے جاری ہیں

قازقستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پر تشدد مظاہرے جاری ہیں، جس کی وجہ سے شہر الماتے میں امریکی حکومت کی جانب سے امریکی قونصل خانے کے نان ایمرجنسی عملے کو قازقستان چھوڑنےکی اجازت مل گئی۔

امریکی محکمۂ خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قازقستان میں الماتے قونصل خانے کا نان ایمرجنسی عملہ قازقستان چھوڑ سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قازقستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شروع ہونے والے پرتشدد مظاہرے تاحال جاری ہیں۔

قازقستان میں صدر نے کابینہ برطرف کر کے بڑے شہروں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کر رکھا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ قازقستان کے صدر نے سیکیورٹی فورسز کو مسلح افراد پر بغیر وارننگ کے گولی چلانے کا حکم دے دیا ہے۔

قازقستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق قازقستان میں اب تک 26 مسلح افراد اور نیشنل گارڈ سمیت 18 پولیس اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ حالیہ ہنگاموں کے دوران قازقستان میں اب تک 3 ہزار 700 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے یہ بھی بتایا ہے کہ مغربی ممالک نے قازقستان کی حکومت سمیت تمام فریقین سے تحمل کا مطالبہ کیا ہے۔