ٹریفک حادثہ: چیئرمین سینیٹ کے بھائی اور ڈرائیور جاں بحق

January 08, 2022

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سکن کےقریب کار اور آئل ٹینکر میں ٹکر کے باعث چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار سنجرانی اور ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔

ڈی سی لسبیلہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں سالار سنجرانی کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا، سالار سنجرانی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین سینیٹ سے ان کے چھوٹے بھائی کی موت پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

اپنے بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی اور ان کے ڈرائیور کی ٹریفک حادثے میں وفات کا سن کر دلی افسوس ہوا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اللّٰه تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے ان کے چھوٹے بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔