رانا تنویر کا چیئرمین نیب کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ

January 11, 2022

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) رانا تنویر حسین نےچیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ دے دیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ چیئرمین نیب کو پی اے سی میں آنا پڑے گا، اُن کے پاس کوئی دوسرا آپشن ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی اے سی کو وزیراعظم کے نام پر لکھےگئے خط کی انکوائری کررہے ہیں۔

چیئرمین پی اے سی نے مزید کہا کہ ہم نے سیکرٹری کابینہ کو خط کے حوالے سے تین دن کے اندر تفصیلات فراہم کرنے کا کہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تفصیل آنے کے بعد ہم وزیراعظم اور چیئرمین نیب کو لکھیں گے، وزیراعظم کا دفتر ملوث ہے تو ان سے پوچھا جائے گا۔

رانا تنویر حسین نے یہ بھی کہا کہ اگر کمیٹی کو خط چیئرمین نیب کے علم سے جاری ہوا ہے تو چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس دائر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کمیٹی کو لکھے گئے خط کے حوالے سے معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے، اگر وزیراعظم کا دفتر ملوث ہے تو اس سے پوچھا جائے گا، اگر وہ ملوث نہیں تو جس نے نام استعمال کیا ہے تو اس کی ذمہ داری کا تعین کرکے کارروائی کی جائے گی۔