اسٹاک مارکیٹ، اتار چڑھاؤ کے دوران فروخت کا دباؤ، 6 پوائنٹس کی کمی

January 12, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اتار چڑھاؤ کے دوران فروخت کا دبائو ،کے ایس ای100انڈیکس میں 6 پوائنٹس کی معمولی کمی ،سرمایہ کاری مالیت 3 ارب 84 کروڑ 74 لاکھ روپے کم ہو گئی ،50.41 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، تاہم کاروباری حجم 5 فیصد کم رہا تفصیلات کے مطابق منگل کو مارکیٹ کے آغاز پر مثبت رحجان دیکھا گیا اور 100انڈیکس 170 پوائنٹس کے اضافے سے 46ہزار کی حد عبور کر گیا لیکن پھر منافع کی خاطر فروخت کا دباؤ بڑھنے سے مارکیٹ منفی زون میں آئی اور100 انڈیکس 363 پوائنٹس تک گھٹ گیا تاہم ایک بار پھر خریداری بڑھنے سے انڈیکس مثبت ہو گیا لیکن اختتام سے کچھ دیر پہلے صورتحال بدل گئی اور کے ایس ای100انڈیکس 6.50 پوائنٹس کی معمولی کمی سے 45881.13 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 21.12 پوائنٹس کی کمی سے 18056.53 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 15.36 پوائنٹس کی کمی سے 31344.21 پوائنٹس پر آگیا ، منگل کو 363 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 183 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 159 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 21 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 3ارب 84 کرور 74 لاکھ 64ہزار روپے کی کمی سے 7850 ارب 91 کروڑ 99 لاکھ 95ہزار روپے ہو گئی ،کاروباری حجم ایک کڑور 78 لاکھ 65ہزار شیئرز کی کمی سے 33 کروڑ 91 لاکھ 2ہزار شیئرز ریکارڈ کیا گیا ، منگل کو کاروباری حجم کے لحاظ سے ورلڈ کال، ہیسکول پیٹرولیم ، یونٹی فوڈ ، ٹی آر جی اور ہم نیٹ ورک سر فہرست رہے۔سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت نیسلے پاکستان اور گڈلک انڈسٹریز کی بڑھی جو کہ بالترتیب 140.00 روپے اور 36.54 روپے فی شیئرز تھی دوسری جانب سب سے زیادہ کمی سفائر فائبر اور سفائر ٹیکسٹائل کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو کہ 65.00 روپے اور 33.80 روپے فی شیئرز تھی۔