لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں رائے ونڈ روڈ پر نجی یونیورسٹی کی طالبہ چھت سے نیچے کود گئی۔
پولیس کے مطابق 21 سالہ طالبہ نے عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی۔
طالبہ کو تشویشناک حالت میں یونیورسٹی کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے۔ طالبہ ڈی فارم کی طالبہ اور نارنگ منڈی ضلع شیخوپورہ کی رہائشی ہے۔
پولیس کے مطابق طالبہ نے عمارت سے کودنے سے پہلے گھر پر کال کی تھی، اہل خانہ اور طالبہ کے درمیان ہونے والی گفتگو جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔
دوسری جانب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے نجی یونیورسٹی پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں تاکہ حقائق کا جائزہ لیا جاسکے۔
نجی یونیورسٹی کے رجسٹرار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صبح ہماری یونیورسٹی کی ایک طالبہ نے عمارت سے چھلانگ لگائی، شکر ہے طالبہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
رجسٹرار کے مطابق طالبہ نے ستمبر میں یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ذہین طلبہ کو داخلے کے وقت اسکالرشپ دی جاتی ہے جو پہلے سمسٹر کے رزلٹ کی بنیاد پر جاری رہتی ہے۔
رجسٹرار کا کہنا تھا کہ طالبہ کا سلیبس مکمل نہیں تھا، اس متعلق کافی باتیں سامنے آرہی ہیں، فی الحال انکوائری جاری ہے اس کے مکمل ہونے سے پہلے کوئی حتمی بات نہیں کہی جا سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے ایک طالبعلم کی خودکشی کے واقعے پر بننے والی انکوائری کمیٹی کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل اسی یونیورسٹی کے ایک طالبعلم نے چوتھی منزل سے کود کر خودکشی کی تھی۔