ہائیکورٹ، غیر قانونی تعمیرات پر مسجد انتظامیہ اور فریقین سے جواب طلب

January 15, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے ترک مسجد میں صفائی ستھرائی کا فقدان اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کیس میں فریقین سے 15 دن میں تفصیلی جواب طلب کرلیا،عدالت نے کمشنر کراچی ،مسجد انتظامیہ اور دیگر فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی،مسجد کی تصویریں دیکھ کر عدالت نے مسجد انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ مسجد اللہ کا گھر اس قدر گندا رکھا ہوا ہے؟ گندا وضو خانہ مسجد کی بے حرمتی ہے مسجد عبادت کے لیے بنائی ہے یا لوگوں کو تنگ کرنے کے لیے؟ مسجد کمیٹی نے بتایا کہ ترک مسجد 160 سال پہلے تعمیر ہوئی ،محکمہ اوقاف میں رجسٹرڈ ہے جس پر بینچ کے سربراہ جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا محمد بن قاسم آئے تھے اس وقت مسجد تعمیر کی گئی تھی؟ درخواست گزار نے کہا کہ مسجد کے کچھ حصے غیر قانونی طور پر تعمیر کرلیے گئے ہیں، عدالت نے کہا کہ گلی میں تعمیرات کیسے کرلی ہیں اس حوالے سے اگلی سماعت پر تفصیلی جواب جمع کرائیں۔