پی ایس ایل سیزن7، سینیٹ کمیٹی کا پی سی بی سے تفصیلی بریفنگ لینے کا فیصلہ

January 15, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کی میزبانی میں ہونیوالے آئندہ سیف گیمز 2023 سے متعلق کمیٹی کا خصوصی اجلاس بلانے اور 27 جنوری 2022 سے شروع ہونیوالےپاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے تفصیلی بریفنگ لینے کا فیصلہ کیاہے ۔ پاکستان سپورٹس بورڈ میں خالی آسامیوں ، نیوزی لینڈ دورہ کی شرائط ، قومی ٹیم کے تین سالہ ٹورز کی تفصیلات طلب ،کمیٹی کا اجلاس سینیٹر میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا، سیکرٹری آئی پی سی محسن مشتاق نے کہا کہ مالی سال 2022-23 کیلئے مجوزہ پی ایس ڈی پی 7099.423 ملین روپے ہے جس میں 32 سکیمیں ہیں، وزارت کے مطابق 10 جاری سکیموں کیلئے 2593.627 ملین اور 11 نئی مجوزہ سکیموں کیلئے 3035.796 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، بجٹ کی تجویز پر بحث وزیر آئی پی سی کی عدم دستیابی کی وجہ سے موخر کر دی گئی، کمیٹی نے انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ وہ صدر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو ایک خط لکھے جس کی ایک کاپی سٹینڈنگ کمیٹی کو فوری طور پر فراہم کی جائے اگر ایسا نہ کیاگیا تو اسے کمیٹی کے استحقاق کی خلاف ورزی تصور کیا جائیگا اور اسکے بعد کمیٹی کسی بھی شخص کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے آزاد ہو گی، کمیٹی نے پی سی بی کے سی ای او کو ہدایت کی کہ وہ دورہ نیوزی لینڈ کی شرائط و ضوابط کی تفصیلات کیساتھ آئندہ اجلاس میں پیش ہوں، سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ سیف گیمز وزارت منعقد کروائےگی یا اولمپک ایسوسی ایشن؟، نہیں چاہتے کہ دنیا میں پاکستان کا تماشا بنے، ارکان نے پوچھا کہ سیف گیمز منعقد کروانے کا اختیار کس کا ہے؟ سیکرٹری آئی پی سی نے بتا یا کہ سیف گیمز حکومت نے پاکستان اولمپک ایسوسی کیساتھ ملکر منعقد کروا تی ہے، سیف گیمز کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کی مصروفیت کے باعث نہیں ہو سکا، عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ معاملہ بہت اہم ہے ، پوری دنیا میں کھیلیں اولمپک ایسوسی ایشن منعقد کرواتی ہے، اجلاس میں وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کو طلب کیا جائیگا دونوں فریقین کی راے سننے کے بعد کمیٹی سیف گیمز بارے سفارشات مرتب کریگی، کمیٹی نے پاکستان سپورٹس بورڈ کراچی سنٹر میں ڈائریکٹر تعینات نہ کرنے پر برہمی کا اظہا کیااور فوری ڈائریکٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی، کمیٹی نے پاکستان سپورٹس بورڈ میں خالی آسامیوں ،پاکستان کرکٹ بورڈ سے نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان کی شرائط ، پی سی بی کےسی ای او سے قومی ٹیم کے تین سالہ ٹورز کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔