مری میں متوقع برفباری کےپیش نظر ٹریفک پلان جاری

January 18, 2022

راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ملکہ کوہسار مری میں متوقع برف باری کے پیش نظر ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی تیمور خان کے مطابق 8 ہزار گاڑیوں کے بعد مزید کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، شام 5بجے سے صبح 5 بجے تک سیاحوں کے داخلے پر پابندی ہو گی۔

سی ٹی او کا کہنا ہے کہ مری میں تقریباً 3500 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے، ٹریفک پولیس کے 268 اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ مری میں روڈ پر گاڑی کھڑی کرکے سیلفیاں بنانے سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ افغانستان اور ایران سے آج بلوچستان میں داخل ہوگا، یہ سلسلہ شمالی و وسطی بلوچستان میں بارش و برفباری کا باعث بنے گا، 20 جنوری تک یہ سلسلہ ملک کے شمالی حصے پر بھی اثرانداز ہوگا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مری میں برفباری کا امکان ہے مگر یہ حالیہ برفباری جیسی نہیں ہوگی، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں بھی برفباری اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔