بھائی کی یاد میں مائیکل جیکسن کی بہن آبدیدہ ہوگئیں

January 19, 2022

جینیٹ جیکسن، بھائی مائیکل جیکسن کے بارے میں بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں

کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کی بہن، گلوکارہجینیٹ جیکسن اپنی نئی دستاویزی فلم میں بھائی کے ساتھ گزرے خوبصورت لمحات یاد کرکے آبدیدہ ہوگئیں۔

گلوکارہ جینیٹ جیکسن نے اپنی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم کا ٹریلر ریلیز کردیا ہے۔

اس ٹریلر میں گلوکارہ اپنی فیملی اور انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات بشمول ماریہ کیری اور سیموئیل ایل جیکسن کے ساتھ اپنے ناقابل یقین کیریئر اور زندگی پر بات کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

اُنہیں اس ویڈیو میں اپنے آنجہانی بھائی، گلوکار مائیکل جیکسن کے ساتھ گزرے خوبصورت لمحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

اُنہوں نے اس دستاویزی فلم میں بھائی مائیکل جیکسن سے متعلق مشہور تنازعات پر بھی بات کی ہے۔

جینیٹ جیکسن نے بھائی مائیکل پر لگنے والے بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات کے بارے میں بات کرتے ہوئےکہا کہ ’انہیں ان تمام الزامات سے وابستگی پر شرمندگی ہے۔‘

اُنہوں نے اس ٹریلر میں کم عمری میں ملنے والی شہرت اور اپنے تمام بہن بھائیوں کے والد کے ساتھ پریشان کن تعلقات پر بھی بات کی ہے۔

جینٹ جیکسن کی چار حصوں پر مشتمل اس دستاویزی فلم میں ان کے بچپن کی تصاویر اور فیملی کے ساتھ بنائی گئی حالیہ تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل ہیں جن میں وہ بطور ماں اپنے پانچ سالہ بیٹے عیسیٰ المنا کے ساتھ بھی نظر آئی ہیں۔