• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبھی شادی کی سالگرہ کی تصاویر شیئر نہیں کیں، شادی کی ویڈیو وائرل ہونا افسوسناک ہے: تاپسی پنو

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نے اپنے شوہر اور سابق ڈنمارک کے بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بوئے کے ساتھ 13 سالہ رومانوی تعلق کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ میرے رشتے کی بنیاد باہمی احترام، تحفظ اور ایک دوسرے کی نجی زندگی کا خیال رکھنا ہے۔

تاپسی پنو نے حالیہ انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ میں نے میتھیاس بوئے کو اسی سال ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا جس سال میں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔

اداکارہ کے مطابق میتھیاس کے ساتھ رہنا میری زندگی کا بہترین فیصلہ ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ میں اس سے بہتر انتخاب کر سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ خاندان انسان کو قدرت کی طرف سے ملتا ہے جبکہ شوہر کا انتخاب میرا اپنا فیصلہ تھا جس پر مجھے فخر ہے۔

رشتے کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے تاپسی نے کہا کہ ایک دوسرے کے لیے تحفظ کا مضبوط احساس میتھیاس کے ساتھ رہنے کی بڑی وجہ ہے، سب سے اہم چیز باہمی احترام ہے، محبت اس کے بعد آتی ہے اور اگر کسی رشتے کی بنیاد احترام پر نہ ہو تو وہ زیادہ عرصے تک قائم نہیں رہ سکتا۔

اداکارہ نے کہا کہ آج کے دور میں لوگ محبت، تعاون اور ساتھ چاہتے ہیں لیکن رشتے قائم رکھنا پہلے کی نسبت مشکل ہوتا جا رہا ہے، شاید لوگوں کی توقعات اور زندگی کی ترجیحات بدل گئی ہیں۔

تاپسی پنو نے بتایا کہ میں نے کبھی اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر نہیں کیں کیونکہ میں اپنی ازدواجی زندگی کو ذاتی معاملہ سمجھتی ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ شادی میں شریک تمام مہمانوں کو تقریب کے 24 گھنٹے بعد تصاویر فراہم کر دی گئی تھیں، شادی میں موبائل فون پر پابندی بھی نہیں تھی مگر مہمانوں، دوستوں اور خاندان کے افراد سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کریں۔

اس کے باوجود شادی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

تاپسی نے اسے افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا ان افراد کی وجہ سے ہوا جو براہِ راست میری جانب سے مدعو نہیں کیے گئے تھے بلکہ خاندان کی طرف سے تقریب میں شریک ہوئے تھے۔

اداکارہ کے مطابق شادی میں صرف یہی ہدایت کی گئی تھی کہ مہمان تصاویر نہ بنائیں اور اگر بنائیں تو انہیں سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔

واضح رہے کہ تاپسی پنو اور میتھیاس بوئے نے دسمبر 2023ء میں اپنی شادی رجسٹر کروائی تھی جبکہ مارچ 2024ء میں ادے پور میں نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی۔

اداکارہ نے اپنی نجی زندگی ہمیشہ میڈیا کی توجہ سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید