• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجپال یادیو نے مشتاق خان کے انتقال سے چند گھنٹے قبل آخری ملاقات کا احوال سنا دیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار راجپال یادیو نے اداکار مشتاق خان کے انتقال سے چند گھنٹے قبل آخری ملاقات کا احوال سنا دیا۔

بالی ووڈ اداکار مشتاق خان گزشتہ روز 56 سال کی عمر میں پھیپھڑوں کے سرطان کے باعث انتقال کر گئے۔

مشتاق خان کے انتقال پر شوبز شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، اداکار راجپال یادیو نے انتقال سے چند گھنٹے قبل ان سے ہونے والی آخری ملاقات کو یاد کرتے ہوئے جذباتی پیغام شیئر کر دیا۔

راجپال یادیو نے لکھا ہے کہ میں اسی دوپہر مشتاق بھائی سے ملنے گیا تھا، ان سے بات کی، انہوں نے مجھے دیکھا، ہاتھ ملایا اور میری گفتگو سنتے ہوئے جواب بھی دیتے رہے۔ 

راجپال نے کہا ہے کہ مجھے اب بھی یقین نہیں آ رہا کہ جس شخص سے میں نے صرف 2 گھنٹے قبل ملاقات کی اور ہاتھ ملایا تھا، وہ اب ہمارے درمیان موجود نہیں۔

راجپال یادیو نے اسپتال میں مشتاق خان سے ملاقات کی ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی تھی، تاہم بعد میں اسے تصویر سے تبدیل کر دیا۔

اداکار سنی دیول نے بھی مشتاق خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک اچھے انسان اور بہترین اداکار تھے، ان کے ساتھ گزرا وقت ہمیشہ یاد رہے گا۔

واضح رہے کہ مشتاق خان نے 1980ء میں فلم ’البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے؟‘ سے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا، 3 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر میں انہوں نے ’ویلکم‘، ’غدر: ایک پریم کتھا‘، ’استری 2‘ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید