اسسٹنٹ کمشنر مری کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب

January 19, 2022

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ سانحہ مری کی انکوائری رپورٹ میں غلفت اور کوتاہی کی نشاندہی کی گئی ہے، متعلقہ حکام اپنے فرائض کا ادراک کرنے سے قاصر رہے، اسسٹنٹ کمشنر مری کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو عہدے سے ہٹاکر انضباطی کارروائی کی سفارش کی گئی، سی پی او راولپنڈی اور اے ایس پی مری کو عہدے سے ہٹا کر انضباطی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سی ٹی او راولپنڈی، ڈی ایس پی ٹریفک کو عہدے سے ہٹاکر انضباطی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا کر معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، تمام افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قوم سے سانحہ مری کی شفاف انکوائری کا وعدہ پورا کیا ہے، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مری، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مری کو معطل کیا گیا ہے، انچارج مری ریسکیو1122، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے پنجاب کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔