کراچی: اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث جعلی کسٹم انسپکٹر گرفتار

January 22, 2022

کراچی پولیس کے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے عملے نے ایک کارروائی کے دوران اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جو جعلی کسٹم انسپکٹر بن کر وارداتیں کرتا تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس اے وی سی سی معروف عثمان کے مطابق ان کی ٹیم نے ایک کارروائی کرکے ملزم مرزا غیور ولد مرزا داؤد احمد کو گرفتار کرلیا۔

ملزم محمود آباد کراچی کا رہائشی ہے جو کراچی پولیس کو اغوا برائے تاوان اور دیگر کیسز میں بھی مطلوب تھا۔

ایس ایس پی معروف عثمان کے مطابق ملزم کے خلاف گلشن اقبال تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 1101/2021 جرم دفعہ 365 اے /170/34 7 ATA ہے۔

ملزم مبینہ ٹاؤن تھانے کے مقدمہ الزام نمبر 754/2021 جرم دفعہ 365A /397/171/34 سیون اے ٹی اے اور گلشن اقبال کے مقدمہ الزام نمبر 1100/21 جرم دفعہ 395/397/34 ت پ میں بھی مطلوب تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ملزم خود کو کسٹم کا جعلی انسپکٹر ظاہر کرکے وارداتیں کرتا تھا۔ ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔