کراچی پولیس کے ڈی آئی جی عبداللّٰہ شیخ پڑوسی سے گتھم گتھا

January 25, 2022

کراچی(آئی این پی /ٹی وی رپورٹ) کراچی پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل(ڈی آئی جی) عبداللہ شیخ پڑوسی سے گتھم گتھا ہوگئے اور اسے مکا بھی جڑ دیا۔

کراچی کے علاقے کلفٹن کے اپارٹمنٹ میں پیش آئے واقعے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔لڑائی کے فریق شہری نے ڈی آئی جی پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف کا رروائی کی درخواست دائر کردی۔ درخواست گزار کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس ایک شخص نے خود کا ڈی آئی جی عبداللہ شیخ کے نام سے تعارف کرایا اور جھگڑے کے دوران مکا بھی مارا۔

شہری نے بتایا کہ عبداللہ شیخ اور ان کے گارڈز نے بہن کے ساتھ بھی بدتمیزی کی اور بہن نے جو زیورات پہنے ہوئے تھے وہ بھی چھین لے۔ شہری نے عبداللہ شیخ پر نشے میں ہونے کا بھی الزام لگایا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں نظر آرہا ہے کہ شہری نے ویڈیو بنانا چاہی لیکن اس دوران وردی پہنے پولیس افسر نے موبائل بھی چھیننے کی کوشش کی۔ویڈیو میں شہری پر تشدد کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ شہری کی درخواست پر ڈی آئی جی جنوبی تحقیقاتی افسر مقرر کردیئے گئے ہیں۔خیال رہے کہ عبداللہ شیخ کے خلاف ماضی میں بھی شہریوں پر تشدد کی شکایات مل چکی ہیں۔

علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق شہری نے الزام عائد کیا کہ خود کو ڈی آئی جی ظاہر کرنے والے شخص نے گھر میں لوٹ مار بھی کی ہے، پولیس کے مطابق جھگڑا شہری ہیرا نند اور اس کے پڑوسی کے درمیان ہوا تھا۔ ہیرا نند کے فلیٹ کی کھڑکی کے سامنے پڑوسی نے دیوار کھڑی کر دی ہے۔

پڑوسیوں کے درمیان جھگڑا ہو رہا تھا کہ ڈی آئی جی عبداللہ شیخ جو کسی سے ملنے اپارٹمنٹ میں آئے تھے، انہوں نے بیچ بچاؤ کرایا جس پر شہری نے عبداللہ شیخ پر ہاتھ اٹھایا۔ پولیس کے آنے پر عبداللہ شیخ نے بھی شہری سے ہاتھا پائی کی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔کراچی پولیس چیف نے ڈی آئی جی سائوتھ شرجیل کھرل کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔ دوسری جانب شہری ہرمند کی جانب سے ڈی آئی جی کے خلاف دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس افسران کے دو کروڑ کے زیورات اور 50 لاکھ مالیت کی گھڑیاں بھی لے گئے ہیں۔