بینظیر کو سمجھایا تھا جلسہ نہ کریں، انہوں نے کیا اور شہید ہوگئیں، شیخ رشید

January 25, 2022

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ ٹی ٹی پی کی بات ہم سننے کوتیار ہیں مگر پاکستان کی سالمیت سے ٹکرانے والوں سے ٹکرایا جائیگا۔

بینظیر بھٹو کو بھی سمجھایا تھا جلسہ نہ کریں‘پر انہوں نے کیا اور شہید ہوگئیں‘سیاستدانوں کو ’’تھریٹ‘‘ ہے۔

بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ پچیس پچاس لاکھ دے کر مقامیوں سے حملے کرارہی ہے‘دہشتگرد کسی کا نہیں ہوتا‘ ایسا ہی کوئی کرائے کا ایجنٹ کوئی مستی کردے گا‘اپوزیشن سے گزارش ہے کہ 23 کی بجائے 27مارچ کو آجائیں‘میں ڈرا نہیں رہا‘23مارچ کو آدھا اسلام آباد کسی اور کے کنٹرول میں ہو گا۔

پیر کو سینیٹ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی را دہشت گردی کے لیے پاکستانی کرمنلز کو استعمال کر رہی ہے،بھارت کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان اور طالبان کے بہتر تعلقات ہوں،ہم ٹی ٹی پی کی بات سننے کے لئے تیار ہیں لیکن پاکستان کی سالمیت سے ٹکرانے والوں سے ٹکرایا جائے گا،پاکستان اپنی سالمیت پر حرف نہیں آنے دے گا، ملک میں کسی قیمت دہشتگردی کی اجازت نہیں دیں گے۔

23مارچ کو راستے بند ہوں گے‘فون بند ہوں گے‘ اپوزیشن کا شام کو ٹی وی پر شو کیسے چلے گا۔