تُرک شوبز انڈسٹری سینئر اداکاروں کی وفات پر افسردہ

January 25, 2022

تُرک شوبز انڈسٹری سینئر اداکاروں کی وفات پر افسردہ

تُرک شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے اپنے دو سینئر اداکاروںآئبرک پیکچن اور فاطمہ گریک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تاریخی تُرک سیریز ’ ارطغرل غازی‘ میں ’ارتک بے‘ کا کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار آئبرک پیکچن 51 برس کی عمر میں کینسر سے طویل جنگ کے بعد انتقال کر گئے۔

جبکہ نامور تُرک اداکارہ و سیاستدان فاطمہ گریک جوکہ 6 ماہ سے استنبول کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں 79 سال کی عُمر میں انتقال کرگئی ہیں۔

تاہم، ڈاکٹرز نے ابھی تک فاطمہ گریک کے انتقال کی وجہ نہیں بتائی ہے۔

سوشل میڈیا پر تُرکی کی نامور شوبز شخصیات کی جانب سے اِن دونوں سینئر اداکاروں کی وفات پر تعزیتی پیغامات بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔

تُرک اداکار انگین آلتان نے اپنی انسٹا اسٹوریز میں اِن دونوں اداکاروں کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

انہوں نے دونوں اداکاروں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

اداکارہ اسرا بیلگیچ نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری پرآئبرک پیکچن اور فاطمہ گریک کی یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئےافسوس کا اظہارکیا ہے۔

اداکار جلال آل نے بھی اپنی انسٹا پوسٹ میں اداکار آئبرک پیکچن کے ساتھ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ’ہمارے بہت ہی پیارے بھائی آئبرک پیکچن وفات پا گئے ہیں اللّه ان کی مغفرت فرمائے اور ان کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے، آمین‘۔

اُنہوں نےمداحوں سے درخواست کی کہ آئبرک پیکچن کے لیے فاتحہ پڑھیں۔

اداکارہ اوزگے تورے نے اپنی انسٹا اسٹوری پرفاطمہ گریک کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرنے لیے اُن کی ایک مونو کروم فوٹو شیئر کی ہے۔

جبکہ اداکار بوراک اوزچیوت نے اپنی انسٹا اسٹوری پرفاطمہ گریک کی ایک یاد گار تصویر شیئر کرتے ہوئے اُن کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

اس کے علاوہ تُرک سیریز ارظغرل غازی میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکاراؤں گلثوم علی اور دیدَم بالچن آئدن نے بھی اپنے ساتھی اداکار آئبرک پیکچن کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا اور اُن کی مغفرت کے لیے دعا کی۔