کراچی: ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں واردات، ڈاکو چاکلیٹس، ڈرائی فروٹ بھی لے گئے

January 27, 2022


کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور پر ڈکیتی کے دوران 2 ملزمان نقد رقم اور موبائل فون کے علاوہ چاکلیٹس اور ڈرائی فروٹ بھی لوٹ کر لے گئے۔

ڈیفنس میں خیابان سحر پر واقع گو 4 فریش نامی ڈیپارٹمنٹل اسٹور پر گزشتہ رات 2 مسلح ملزمان نے واردات کی، اسٹور کے منیجر تنویر رسول کے مطابق رات 10 بجے وہ کاؤنٹر پر موجود تھا تو 2 نوجوان گاہک بن کر اسٹور میں آئے جن میں سے ایک نے کاؤنٹر پر پہنچ کر پستول نکال لیا۔

تنویر کے مطابق اسلحہ کے زور پر ملزم نے کیش کاؤنٹر پر موجود 25 ہزار روپے نقد اور 2 موبائل فون لوٹ لئے جبکہ ملزم کا دوسرا ساتھی اسٹور سے اشیاء لوٹتا رہا۔

اسٹور منیجر کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسٹور سے 17 ہزار روپے مالیت کے ڈرائی فروٹ اور چاکلیٹس لوٹے اور چند منٹ میں واردات کرکے فرار ہو گئے، واردات کی اطلاع فوری طور پر درخشاں پولیس کو دی گئی جس کے بعد اہلکار اسٹور پر آئے اور انہیں تھانے آنے کا کہہ کر چلے گئے۔

تنویر نے بتایا کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور درخواست تھانے میں دی گئی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان اور ان کا طریقہ واردات واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔