آزاد عدلیہ نہ ہونے کا زیادہ نقصان ہمیں ہوا، بلاول

January 28, 2022

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ نہ ہونے کا ملک میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان پیپلزپارٹی کو ہوا۔

ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے نو منتخب عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کو کیسے انصاف ملے گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھٹو قتل کیس کا ریفرنس آج تک التوا کا شکار ہے، وکلا برادری نے ہر دور میں پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ جمہوری جدوجہد کی۔

قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کو کچرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور اسلام آباد کے کچرے کا بھی صفایا کردیں گے۔