قانون کی حکمرانی کے بعد حالات بہتر ہوئے، ریاست مدینہ کے بھی 5 سال مشکل تھے، عمران خان

January 28, 2022


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ ریاست مدینہ کے ابتدائی سالوں میں خوشحالی نہیں تھی‘ہجرت مدینہ کے بعد مسلمانوں نے پہلے پانچ سال بہت مشکلات کا سامنا کیا لیکن ان پانچ سالوں میں قانون کی بالادستی قائم کی گئی جس کے بعد حالات بہتر ہوئے ۔ طاقتور کو قانون کا تابع بنانا جہاد ہے‘ انصاف کے نظام میں اصلاحات کا مقصد عام آدمی کو انصاف فراہم کرنا اور طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہے‘ فوجداری نظام اصلاحات قانون کی حکمرانی کی طرف ایک بڑا قدم ہے‘ حکومت نے اپنا کام کردیا‘اب عدلیہ اور وکلا فوجداری قوانین اور نظام انصاف میں اصلاحات پر عملدرآمد کرائیں‘ ریکوڈک کیس سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا ہے، اوورسیز پاکستانیز ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں کرتے، انہوں نے ملک میں سرمایہ کاری شروع کر دی تو کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑے گا‘اسلام نے وراثت میں خواتین کا حق مختص کر رکھا ہے ، اب یہ نہیں ہو سکتاکہ انہیں جائیداد میں حصہ نہ ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں فوجداری قانون اور نظام انصاف میں اصلاحات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔