سینیٹ اجلاس میں کیوں نہ پہنچ سکے؟ یوسف رضا گیلانی نے خود وجہ بتادی

January 28, 2022

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے ایوان بالا کے اجلاس میں کیوں نہ پہنچ سکے؟ انہوں نے خود ہی وجہ بتادی۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ رات کو ایک بجے ایجنڈا جاری ہوا لیکن مجھے نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ صبح ایجنڈا ملا تو یہ میرے لیے ممکن نہ تھا کہ اجلاس میں پہنچ سکوں۔

اپوزیشن لیڈر نے سینیٹ اجلاس کی آج کی کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں بریک کے دوران آزاد گروپ سے حکومت نے مذاکرات کیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کے آزاد گروپ کو ملانے کے بعد بھی نمبر پورے نہ ہوئے، جب حکومت کے نمبر پورے نہ ہوئے تو چیئرمین سینیٹ نے خود ووٹ دیا۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ دلاور خان گروپ کے ارکان کو بھی میں نے ہی اجلاس میں شرکت کے لیے کہا، گروپ اجلاس کی بریک تک ہمارے ساتھ تھا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے دلاور خان گروپ کو بریک میں حمایت میں ووٹ ڈالنے کے لیے راضی کیا۔