میرے لیے سدھارتھ یہاں ہی ہے: شہناز گِل

January 29, 2022

بھارتی اداکارہ شہناز گِل بگ باس 15 کے فائنل میں اپنے بوائے فرینڈ سدھارتھ شکلا کو خراج عقیدت پیش کریں گے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ باس کے سیزن 15 کے فائنل میں شہناز گِل اپنے بوائے فرینڈ سدھارتھ شکلا کو ایک خصوصی میوزیکل خراج عقیدت پیش کریں گی۔

اس حوالے سے بھارتی چینل نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پرومو میں مداحوں کو شہناز گِل کے خراج عقیدت کی پہلی جھلک دکھائی ہے۔

گرینڈ فائنل کے پرومو کا آغاز بگ باس کے گھر سے سدھارتھ اور شہناز کے لمحات کے ساتھ ہوتا ہے، دونوں کی ملاقات بگ باس 13 میں ہوئی، جہاں سدھارتھ فاتح تھے۔

ویڈیو میں، شہناز کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’پیارے سدھارتھ! میرے لیے تُو ہمیشہ یہاں ہی ہے۔‘

اس کے بعد، شہناز اپنی آواز میں ایک گانے پر پرفارم کرتی ہیں جس کے بول آرزو، جدائی اور دوبارہ ملنے سے متعلق ہوتے ہیں۔

ویڈیو کا اختتام سدھارتھ کی آواز سے شہناز کے چونکنے کے ساتھ ہوتا ہے جس میں اداکار اُنہیں آواز دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ سدھارتھ شکلا 2 ستمبر 2021 کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے کوچ کرگئے تھے۔