• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نصیر الدین شاہ کی ہانیہ کو فلم میں کاسٹ کرنے پر دلجیت دوسانجھ کی حمایت

بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ نے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو فلم میں کاسٹ کرنے پر دلجیت دوسانجھ کی حمایت کردی، جس پر بھارتی میڈیا نے اداکار کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

نصیر الدین شاہ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ دلجیت کے ساتھ کھڑا ہوں، فلم میں ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنا دلجیت کی نہیں، ڈائریکٹر کی ذمہ داری ہے، دلجیت نے کاسٹ سے اتفاق کیا کیونکہ اس کا دماغ زہر آلود نہیں ہے۔

اداکار نے کہا کہ ان غنڈوں کا اصل مقصد بھارت اور پاکستان کے عوام کے درمیان ذاتی رابطے کو ختم کرنا ہے۔ میرے کچھ قریبی رشتہ دار اور پیارے دوست پاکستان میں ہیں اور مجھے ان سے ملنے یا انہیں محبت بھیجنے سے کوئی نہیں روک سکتا، جب بھی میرا دل چاہے، ان لوگوں کےلیے میرا جواب یہ ہے جو کہیں گے ’پاکستان جاؤ‘، ’کیلاسا جاؤ‘۔

 خیال رہے کہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو فلم سردار جی 3 میں کاسٹ کرنے پر بھارت میں دلجیت دوسانج کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

فلم کے ٹریلر میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو مرکزی کردار میں دیکھ کر بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی، یہ ردِعمل پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی ہندوستان پاکستان کشیدگی کے تناظر میں آیا، اس کے بعد فلم کے پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا کہ وہ بھارت میں فلم ریلیز نہیں کریں گے بلکہ اسے صرف بیرونِ ملک ریلیز کیا جائے گا۔

بھارتی فلم تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائیز (ایف ڈبلیو آئی سی ای ) سمیت کئی گروپوں نے دلجیت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، ان کا موقف ہے کہ قومی جذبات کے خلاف جا کر پاکستانی فنکار کے ساتھ کام کرنا ناقابلِ قبول ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید