یوسف گیلانی کا بطور اپوزیشن لیڈر سینیٹ استعفیٰ، آصف کرمانی کا اظہار افسوس

January 31, 2022

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی نے یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں بطور اپوزیشن لیڈر استعفیٰ دینے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں آصف کرمانی نے کہا کہ اپوزیشن کے 8 سینیٹر غیرحاضر تھے، سینیٹ اجلاس میں اکیلے یوسف رضا گیلانی غیرحاضر نہیں تھے۔

آصف کرمانی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد میں 14 ممبران نے پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا، چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد میں ووٹ نہ دینے پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اسٹیٹ بینک بل پاس ہوگیا، اب لکیر پیٹنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے اپوزیشن لیڈر کی نشست سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتے لہٰذا اپنی پارٹی کو استعفیٰ دے دیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں نےاستعفیٰ اپنی جماعت کو جمع کروا دیا ہے کہ میں قائد حزب اختلاف نہیں رہوں گا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ چیئرمین اور اسپیکر ہاؤس کی نمائندگی کرتے ہیں، حکومت کی نہیں، اسپیکر اور چیئرمین کا کردار غیر جانب دارانہ ہونا چاہیے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بل پر ووٹنگ کے دوران 30 منٹ کیلئے سینیٹ اجلاس ملتوی کیا گیا، لگتا ہے جیسے چیئرمین سینیٹ حکومت کی سہولت کاری کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ کو ووٹ دینا پڑا، چیئرمین سینیٹ کو ووٹ نہیں دینا چاہیے تھا۔