مسعود خان نے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں پیش کیا، ماہرین

February 01, 2022

بین الااقوامی امور کے ماہرین کے مطابق آزاد کشمیر کے سابق صدر اور سفارتکاری کے شعبے میں مہارت رکھنے والی اہم شخصیت سردار مسعود خان نے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں پیش کیا ہے، ان کی امریکا میں بطور سفیر تعیناتی مسئلہ کشمیر کو امریکا سمیت عالمی برادری میں ایک نئی بلندی پر لے جاسکتی ہے۔

ماضی میں روزنامہ جنگ سے اپنے انٹرویو اور دیگر ملاقاتوں میں سردار مسعود خان پاکستان کے اس مؤقف کو کئی دفعہ دہرا چکے ہیں کہ جنوبی ایشیا کے ڈیڑھ ارب لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کا راز مسئلہ کشمیر کے حل میں پنہاں ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ہونے والے بھارتی ظلم و بربریت کو روکے بغیر دنیا میں امن قائم کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

سردار مسعود خان چین میں بطور پاکستانی سفیر بھی مسئلہ کشمیر کو چین سمیت عالمی فورم پر اٹھاتے رہے ہیں جبکہ آزاد کشمیر کی صدارت سنبھالنے کے بعد انہوں نے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے لیے آواز بلند کی ہے اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کی جانب مبذول کروائی ہے۔

بین الاقوامی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سردار مسعود خان کی امریکا میں بطور پاکستانی سفیر تعیناتی سے پاکستان نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ سیاسی سطح پر بھی مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں کامیاب ہوسکے گا۔