پی آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات 3 افسران کی ملازمت میں توسیع کی سمری وزیراعظم کو ارسال

February 02, 2022

پاکستان کی قومی ایئرلائن میں ڈیپوٹیشن پر تعینات تین افراد کی ملازمت میں توسیع کی سمری وزیراعظم عمران خان کو ارسال کر دی گئی ہے۔

موصول سمری کی کاپی کے مطابق مدت ملازمت میں توسیع جواد ظفر چوہدری، عامر الطاف اور محمد عدیل نامی افسران سے متعلق ہے۔

پی آئی اے نے ان افسران کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی درخواست کی ہے۔ وزارت دفاع نے ڈیپوٹیشن افسران کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کا کہا ہے۔

افسران میں سے دو کی 3 سالہ ڈیپوٹیشن بالترتیب 14 اور 15 جنوری 2022 کو ختم ہوئی۔ عامر الطاف کی 3 سالہ ڈیپوٹیشن کی مدت 21 فروری کو اختتام پذیر ہوگئی۔

ایئرلائن کی جاری تنظیم نو کے لئے افسران کی ملازمت میں توسیع انتظامیہ نے ضروری قرار دی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ایچ آر اور آپریشنز میں تعینات ان افسران کا متبادل موجود نہیں ہے۔

مارچ 2018 سے سپریم کورٹ احکامات کے تناظر میں مناسب نئی بھرتی بھی ممکن نہیں۔

ذرائع کے مطابق اس مرحلے پر ان افسران کی تبدیلی ری اسٹرکچرنگ عمل کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔

24 مارچ 2020 کو دیگر افسران کے ساتھ یہ افسران 3 سالہ ڈیپوٹیشن پر ایئر لائن میں تعینات ہوئے۔ سمری کے پیرا 6 میں شامل تجویز پر وزیر اعظم سے منظوری طلب کی گئی ہے۔