ایم پی اے عبدالرشید نے خود کو ایکسی این کے ساتھ دفتر میں بند کرلیا

February 03, 2022

جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے لیاری سے منتخب ایم پی اے عبدالرشید نے سیوریج مسائل پر احتجاج کرتے ہوئے خود کو ایکسی این کے ساتھ دفتر میں بند کرلیا۔

سید عبدالرشید نے کہا کہ ایکسی این کہتا ہے ان کی کوئی نہیں سنتا، اب میں اور وہ ساتھ ہیں، مسائل کے حل تک اپنے دفتر میں ایکسی این کے ساتھ بند رہوں گا۔

لیاری کے ایم پی اے عبدالرشید نے کہا کہ سندھ حکومت لیاری میں سیوریج کا مسئلہ حل کرنے کیلئے ایک پائی نہیں دے رہی۔

عبدالرشید نے کہا کہ لیاری میں گندے پانی کی صفائی کے لئے اپنا فلیٹ بیچ دیا، چار سال سے رکن اسمبلی کی حیثیت سے ملنے والی تنخواہ بھی لگادی۔

ایم پی اے نے کہا کہ اپنا سب کچھ حلقے کے عوام پر لگانے کے بعد اب اس کے سوا کچھ نہیں بچا کہ ایکسی این کے ساتھ خود کو بھی بند کرلوں۔

اسسٹنٹ کمشنر عبدالکریم میمن اور ایس پی لیاری کے عبدالرشید سے مذاکرات جاری ہیں تاہم ایم پی اے کا کہنا ہے کہ جب تک گندےپانی کی صفائی شروع نہیں ہوتی تالا نہیں کھولوں گا۔

دوسری جانب ایم پی اے عبدالرشید کے دفتر پر پولیس اور رینجرز کی نفری پہنچ گئی، جبکہ عبدالرشید سے مذاکرات کے لیے سپرنٹنڈنٹ انجینئر واٹر بورڈ انور میمن بھی پہنچ گئے۔