سیکشن افسر کو ٹریفک چالان کا اختیار صرف ایک ہفتے کیلئے ہے، کراچی پولیس چیف

February 14, 2022


ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں غیر ضروری چالان روکنے کے لیے صرف سیکشن افسر کو چالان کرنے کا اختیار ایک ہفتے کے لیے دیا گیا ہے۔

جیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بتایا کہ انہوں نے محسوس کیا کہ ٹریفک پولیس صرف ریونیو کلیکشن کا ادارہ بن کر رہ گیا ہے، دھڑا دھڑ چالان کر کے ریونیو کلیکشن کے دوران پولیس والوں کی ٹریفک کے معاملات سے توجہ ہٹی ہوئی تھی، اس سلسلے میں واضح حکمت عملی تیار کرنی ہےجو رواں ہفتے کے دوران طے کر لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ریونیو کلیکشن کا ادارہ نہیں بلکہ یہ ٹریفک کی بحالی اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرانے کی ذمہ دار ہے، ٹریفک پولیس افسران کو چالان کا ٹاسک دینے کا معاملہ بھی سراسر غلط ہے۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ ٹریفک پولیس افسران اور اہلکاروں کو شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق وہ بہت جلد ٹریفک پولیس کے افسران کے ساتھ اجلاس کریں گے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی میں چالان کرنے کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی، غیرضروری چالان اور جرمانوں سے نجات کے پہلے دن شہر میں ٹریفک کی روانی میں کافی بہتری آئی ہے اور مختلف مقامات اور پلوں کے نیچے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے جتھے غائب ہوگئے ہیں، ٹریفک پولیس اہلکار شہر کی مختلف شاہراہوں پر شہریوں کی مدد اور ٹریفک بحال کرتے نظر آئے ہیں۔