یوکرین بحران، ہولی ووڈ کا روس میں فلمیں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ

March 02, 2022

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)یوکرین پر حملے کے بعد روس میں ہولی ووڈ فلموں کی ریلیز کو روک دیا گیا ہے۔ہولی وڈ اسٹوڈیو ڈزنی نے روس میں اپنی تمام فلموں کی ریلیز روک دی ہے۔ ڈزنی کے مطابق یوکرین پر بلاجواز حملے اور المناک انسانی بحران کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم مستقبل کے کاروباری فیصلے صورتحال کے مطابق کریں گے، اس وقت تک ابھرتے پناہ گزینوں کے بحران کے پیش نظر ہم نے اپنے این جی او شراکت داروں کے ساتھ مل کر فوری امداد اور دیگر معاونت فراہم کرنے پر کام شروع کردیا ہے۔

ڈزنی کی انیمیٹڈ فلم ٹرننگ ریڈ 10 مارچ کو ریلیز ہونا تھی جسے اب روک دیا گیا ہے۔جلد ہی عالمی سطح پر ریلیز ہونے والی دیگر بڑی فلمیں بشمول وارنر برادرز کی سپر ہیرو فلم دی بیٹ مین کی ریلیز بھی روک دی گئی ہے۔

وارنر برادرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یوکرین کے انسانی بحران کے پیش نظر وارنر میڈیا نے دی بیٹ مین کی روس میں ریلیز روک دی ہے، ہم صورتحال پر نظر رکھیں گے اور توقع ہے کہ اس سانحے کا فوری اور پرامن حل نکلے گا۔ڈزنی اور وارنر برادرز کے بعد سونی پکچرز نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فلموں میں روس میں ریلیز نہیں کرے گی۔

اس اسٹوڈیو کی سپر ہیرو فلم موربیوس 24 مارچ کو روس میں ریلیز ہونا تھی۔

دوسری جانب نیٹ فلیکس نے تصدیق کی ہے کہ اس نے روس کے ریاستی پروپگینڈا کو نشر کرنے سے انکار کردیا ہے جو روس میں یکم مارچ سے نافذ ہونے والے قانون کے مطابق کرنا تھا۔