وزارتِ اعلیٰ کے چکروں سے باہر نکلیں: حمزہ شہباز

March 10, 2022

حمزہ شہباز —فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما، پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ وزارتِ اعلیٰ کے چکروں سے باہر نکلیں، اُن کا گول بہت بڑا ہے۔

لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد کا کامیاب ہونا ازحد ضروری ہے۔

’’وزیرِ اعظم ملک کے لیے خطرہ بن چکے‘‘

انہوں نے وزیرِ اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص ملک کے لیے خطرہ بن چکا ہے، اس کا جانا ضروری ہے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ان کے اپنے وزیرِ خزانہ کو مجبوراً کہنا پڑا کہ خارجہ امور کی باتیں جلسوں میں نہیں کی جاتیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ شخص یورپی یونین کو بھرے جلسے میں رگیدتا ہے، یہ کون سی خارجہ پالیسی ہے؟ کیا پاکستان کے تجارتی مفادات دوسرے ملکوں سے جڑے ہوئے نہیں ہیں؟

’’ان کے لوگ حکومت میں آئے تو سی پیک اور چین کے لتے لیتے رہے‘‘

حمزہ شہباز نے کہا کہ ان کے لوگ جب مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر حکومت میں آئے تو سی پیک اور چین کے لتے لیتے رہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اب انہوں نے جو کرنا ہے کر لیں، عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہو گی، انہیں گھر بھیجیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم ان سے انتقام نہیں بلکہ جواب لیں گے، مسلم لیگ ن کا تمام اہم جماعتوں سے رابطہ ہے۔