• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کا وزیراعظم جھوٹا اور نکما ہے، حمزہ شہباز


مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ملک کا وزیراعظم جھوٹا اور نکما ہے، عمران نیازی کو ہم بھاگنے نہیں دیں گے، عوام کی عدالت میں ان کا احتساب ہوگا ہمارے خلاف مقدمات میں نکلا کیا ؟ کھودا پہاڑ نکلا چوہا ۔

لاہور کی اسپیشل کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم مہنگائی کے ہاتھوں پس رہی ہے،غریب کے بچوں کے منہ سے دودھ بھی چھین لیا گیا ہے ،کورونا وباء میں بخار کی دوا ناپید ہو گئی۔

عمران نیازی انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں، حمزہ شہباز

حمزہ شہباز نے کہا کہ کوئی بے حس شخص پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے اضافہ کر سکتا ہے؟، یہ صرف نواز شریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے بارے میں ہی سوچتے ہیں ،عمران نیازی انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں ۔

ان کاکہنا تھا کہ میڈیا کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی گئی، نیازی نے اپنا بنی گالہ کا گھر ریگولرائز کروا لیا،کسان اور غریب کے گھر گرا دیئے، عمران نیازی سے کہتا ہوں ، بنی گالہ کے پہاڑ سے نیچے اتریں،لوگوں کو سنیں کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کےخلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی ، ہم ڈیڑھ دو سو پیشیاں بھگت چکے ہیں،ہمارے خلاف مقدمات میں نکلا کیا ؟ کھودا پہاڑ نکلا چوہا ۔

قوم مہنگائی کے ہاتھوں پس رہی ہے، حمزہ شہباز

انہوں نے کہا کہ قوم مہنگائی کے ہاتھوں پس رہی ہے، عمران خان نے انتقام کے بجائے عوام کا سوچا ہوتا تو عوام نہ روتی، قوم کا ایک ہی نعرہ ہے کہ جھوٹے عمران نیازی سے جان چھڑائی جائے۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ نورتن کہتے ہیں کہ یہ سب سے مشہور وزیراعظم ہے، آج کچا چٹھہ کھل گیا ہے، صاف پانی کیس میں 16 ملزمان بری ہوگئے ہیں، انہوں نے 50 لاکھ گھر کا جھانسہ دیا، کھلواڑ کیا، آج کرپشن کا نعرہ بھی زمین میں دفن ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی، کھاد، ادویات اسکینڈل میں عمران نیازی کیخلاف ایف آئی آر کٹ چکی ہے، ان کا عوام کی عدالت میں احتساب ہوگا، اس کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

عوام کی آنکھوں میں خون اترا ہوا ہے، حمزہ شہباز

حمزہ شہباز نے کہا کہ 74 سال میں ایسے ظالمانہ اقدام عوام کے خلاف نہیں ہوئے، عوام کوظالم حکمران سے بچانے کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مزاحمت کرنی چاہیے،عوام کی آنکھوں میں اس وقت خون اترا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ دوسروں پر الزام لگاتے تھے، قدرت نے پہیہ گھما دیا ہے،اپوزیشن ایک پیچ پر ہے، ان شا اللّٰہ عوام کو خوشخبری دیں گے۔

لیگی رہنما کاکہنا تھا کہ مہنگائی دنیا بھر میں ہے لیکن وہاں ترقی ہو رہی ہے،ہمارے ہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔

پاکستان میں صحافی غیر محفوظ ہیں، حمزہ شہباز

حمزہ شہباز نے کراچی میں آج صحافی اطہر متین کے قتل پر بات کرتے ہوئے کہاکہ اللّٰہ تعالی صحافی کے گھر والوں کو صبر دے۔

ان کا مزید کہناتھا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں صحافی غیر محفوظ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید