امیگریشن نے ن لیگ کے رہنما چوہدری تنویر کو گرفتار کرلیا، ایف آئی اے

March 11, 2022

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری تنویر کو گرفتار کرلیا، چوہدری تنویر کا نام مسافروں کی بلاک لسٹ میں تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب میں مقدمہ درج ہے، اینٹی کرپشن پنجاب کی اپیل پر ہی ملزم کا نام بلاک لسٹ میں ڈالا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سابق سینیٹر چوہدری تنویر کراچی سے دبئی فرار کی کوشش کر رہے تھے، ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزم کو پنجاب اینٹی کرپشن کے حوالے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری تنویر پر سرکاری اراضی پر قبضے اور فراڈ کا الزام ہے، اینٹی کرپشن نے سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں چوہدری تنویر پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی اینٹی کرپشن پنجاب نے راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری تنویر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔

اینٹی کرپشن کی ٹیم چوہدری تنویر کو گرفتار کرنے کیلئے پہنچی تھی، مگر وہ اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے۔