افغانستان،طالبات کے ہائی اسکول دوبارہ کھولنے کا حکم واپس

March 23, 2022

فائل فوٹو

افغان حکام نے طالبات کیلئے آج سے ہائی اسکول دوبارہ کھولنے کا حکم واپس لے لیا،آج صبح اسکول پہنچنے والی طالبات کو گھر جانے کا حکم دیا گیا۔

خبرایجنسی کے مطابق افغان وزارت تعلیم نے طالبات کیلئے ہائی اسکول تاحکم ثانی بند رکھنے کانوٹس جاری کردیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسلامی قانون، افغان ثقافت کے مطابق منصوبے کی تیاری تک لڑکیوں کےہائی اسکول اگلے حکم تک بند رہیں گے۔

خبرایجنسی کا کہنا ہے افغان وزارت تعلیم نے طالبات کیلئے ہائی اسکول کی بندش پر ردعمل سے گریز کیا ہے۔

افغانستان میں اقوام متحدہ کےامدادی مشن نے گرلز ہائی اسکولوں کی بندش کی مذمت کی ہے۔

قطر میں موجود امریکی ناظم الامور برائے افغانستان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں گرلز ہائی اسکولوں کی بندش مایوس کن ہے، طالبان کی یقین دہانیوں اور بیانات متصادم ہیں۔

افغان وزارت تعلیم نے لڑکیوں کے تمام ہائی اسکول آج سے کھولنے کااعلان کیاتھا۔