امریکا، غزہ جنگ کیخلاف احتجاج، مظاہرین پر جلن والا کیمیکل، کرنٹ والی گن کا استعمال

April 27, 2024

تصویر بشکریہ غیرملکی میڈیا

امریکا کی یونیورسٹیوں میں غزہ جنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء مظاہرین کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی پولیس نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی ہیں جہاں پولیس نے کئی جگہوں پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے جلن والا کیمیکل اور کرنٹ والی گن کا بھی استعمال کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بدھ اور جمعرات کو لاس اینجلس، بوسٹن اور ٹیکساس میں یونیورسٹیوں میں احتجاج کرنے والے 200 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں امریکی میڈیا کے مطابق اوہائیو یونیورسٹی کیمپس میں مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں، پولیس نے درجن سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی یونیورسٹیوں میں طلبا مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں جہاں ہلاکتوں کی تعداد 34،305 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب اٹلانٹا کی ایک یونیورسٹی میں احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے طالب علم کو پکڑنے کی کوشش کے دوران پولیس اہلکاروں نے خاتون پروفیسر کو بری طرح سے زمین پر گرا کر ہتھکڑیاں لگادیں۔