فلم 83 نے والد کی یاد دلادی، صبا علی خان

March 23, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کی بہن، سابق بھارتی کپتان اور ریاست بھوپال کے سابق نواب منصور علی خان اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کی بیٹی صبا علی خان نے گزشتہ برس دسمبر میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم 83 میں اداکار رنویر سنگھ اور ان کی اہلیہ و معروف بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فلم نے مجھے ابا (نواب منصورعلی خان) کی یاد دلادی۔

خیال رہے کہ فلم 83 لیجنڈری آل راؤنڈر اور سابق بھارتی کپتان کپل دیو کی قیادت میں 1983 کے ورلڈ کپ میں بھارت کامیابی کے حوالے سے بنائی گئی ہے۔

صبا علی خان جو جیولری ڈیزائنر اور سابق ریاست بھوپال کے تحت قائم اوقاف شاہی کی چیف ٹرسٹی ہیں، نے کہا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ کرکٹ میچز دیکھنے کے لیے جایا کرتی تھیں۔

اپنے انسٹاگرام پر بدھ کی صبح انہوں نے فلم کا ایک پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اپنے پرستاروں سے کہا کہ یہ دیکھنے کے قابل فلم ہے۔

یاد رہے کہ یہ فلم باکس آفس پر اوسط درجے پر رہی، تاہم صبا علی خان کہتی ہیں کہ مجھے یہ فلم بہت پسند آئی، میں یہ تسلیم کرتی ہوں کہ یقیناً عالمی وبا نے تھیٹر پر اس کی پرفارمنس کو متاثر کیا اور فینز اب دوسری فلموں کو ترجیح دے رہے ہیں۔